انقرہ،15؍اکتوبر(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا)انقرہ حکومت نے جولائی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے حوالے سے سویڈن میں ایک پینل کی منسوخی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ترک حکومت کی جانب سے ہفتے کے روز سامنے آنے والے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ آزادیء اظہار پر حملہ ہے۔ پندرہ جولائی، خون ریز بغاوت کے پس پردہ کے نام کے تحت اس تقریب کا اہتمام جمعے کے روز سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہولم میں ہونا تھا۔ اس پینل کے اہتمام کا مقصد بین الاقوامی برادری کو ترکی میں جمہوریت اور پارلیمانی نظام پر ہونے والے حملے کے منصوبے کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کرنا بتایا گیا تھا۔ ترک حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ اس تقریب کی منسوخی بعض سویڈش قانون سازوں کی مداخلت کی وجہ سے ہوئی۔ سویڈش وزارت خارجہ نے فی الحال اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔